تلنگانہ کے کل جماعتی وفد کا دورہ دہلی ملتوی

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے آج کہا ہے کہ تلنگانہ سے کل جماعتی وفد کے دورہ دہلی کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں یہ وفد 6 فروری کو وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والا تھا ۔ وفد ریاست میں درج فہرست ذاتوں کے لیے زمرہ بندی کو یقینی بنانے کے لیے وزیراعظم پر زور دینے والا تھا ۔ تاہم وزیراعظم کے دفتر نے ریاستی چیف منسٹر کے دفتر کو آج اطلاع دی کہ وزیراعظم کے ساتھ تلنگانہ کے کل جماعتی وفد کی مجوزہ ملاقات کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کی پیشی سے جاری کردہ ایک ریلیز میں یہ بات بتائی گئی ۔ پی ایم او کے عہدیداروں نے ریاستی حکومت کو مطلع کیاکہ تلنگانہ کل جماعتی وفد کی آئندہ ملاقات کی تاریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے ایک مکتوب لکھ کر تمام سیاسی پارٹیوں کو دورہ دہلی کی دعوت دی تھی ۔۔