کوئلے کی کانوں میں کام متاثر ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل، عام زندگی درہم برہم
حیدرآباد /7 ستمبر (سیاست نیوز) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ہونے والی شدید بارش کا اثر صرف ریاست آندھرا پردیش میں ہی نہیں، بلکہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں اضلاع میں پائی جانے والی ندیوں کی سطح آب میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں شدید طوفانی بارش کے باعث آبادیوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں مکینوں کو زبردست مسائل سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تلنگانہ ریاست کے اضلاع عادل آباد، نظام آباد، ورنگل، کریم نگر، رنگاریڈی وغیرہ میں گزشتہ دو دنوں کے دوران ہوئی زبردست طوفانی بارش کے باعث عام زندگی متاثر ہوئی ہے اور گھروں وغیرہ میں طوفانی بارش کا پانی داخل ہو گیا، بالخصوص ضلع کھمم کے ورجیڈو منڈل میں واقع چیکو پلی ندی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ کی وجہ سے 25 مواضعات کے راستے مسدود ہو گئے۔ ایک اور مقام وانکیڈی منڈل میں بھی زبردست بارش کے نتیجے میں ندیاں، نالے اور کنال وغیرہ کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے اس علاقہ میں بھی عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ تلنگانہ ریاست کے مختلف اضلاع (مقامات پر) میں گزشتہ دن سے آج یعنی اتوار کی صبح تک ہوئی شدید بارش ریکارڈ کی گئی، سرپور میں 23 سینٹی میٹر، منتھنی میں 19، منچریال میں 16، راما گنڈم میں 15، چتور، کالمیشورم اور آصف آباد میں 13 سینٹی میٹرس کے علاوہ پیرور میں 12، وینکٹا پورم بھوپال پلی میں 11، گولکنڈہ، گوئنہ راؤ پیٹ میں 10، لکشئی پیٹ میں 9، پرکال اوٹنور میں 8، دھرما پوری، سارنگا پور، تانڈور، ملگ میں 7 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں دو دن سے ہوئی بارش کے باعث سنگارینی اوپن کاسٹ پراجکٹ 3 میں موٹرس (لاریاں وغیرہ) پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پانی کی نکاسی کے لئے استعمال کئے جانے والے برقی موٹرس بھی پانی میں ڈوب گئے، یعنی کوئلہ کی کانوں میں پانی پہنچنے کے باعث کوئلہ کی پیداوار پر کافی اثر ہوا ہے۔ اوپن کاسٹ مائین (1، 2) میں تقریباً 40 ہزار ٹن کوئلہ کی پیداوار نہیں ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کھمم کے بھدرا چلم کے پاس آج 3 بجے دن دریائے گوداوری کی سطح آب میں زبردست اضافہ اور خطرہ کے نشان سے اوپر پانی بہنے پر انتباہ دیا گیا ہے۔ بھدرا چلم کے پاس فی الوقت دریائے گوداوری کی سطح آب 45 فٹ تک پہنچ جانے کی اطلاعات ہیں۔