تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلادھاربارش کا انتباہ

احتیاطی تدابیر کیلئے حکومت کی ہدایت ، جی ایچ ایم سی بھی چوکس
حیدرآباد۔ 19 اگست (پی ٹی آئی) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون دوبارہ سرگرم ہوگیا ہے جس کے اثر سے اس ریاست کے اکثر اضلاع میں دو دن کے دوران اوسط یا موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ ماہرین موسمیات نے یہ پیش قیاسی بھی کی ہے کہ 21 تا 24 اگست تلنگانہ کے اکثر مقامات پر اوسط یا موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ’’19 اور 20 اگست کو تلنگانہ کے 16 اضلاع میں موسلادھار بارش یا انتہائی موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے‘‘۔ اس دوران تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں آج انتہائی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ ورنگل (دیہی) کھمم اور کتہ گوڑم میں گزشتہ روز انتہائی موسلادھار بارش ہوئی تھی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ مضافات میں بھی دو روز سے وقفہ وقفہ سے ہلکی یا موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے جی ایچ ایم سی حدود میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور خبردار کیا گیا ہے کہ شہری حدود میں موسلادھار یا انتہائی موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے ۔