تلنگانہ کے وزراء کو شور نہ مچانے کا مشورہ

حیدرآباد /2 جنوری (سیاست نیوز) علاقہ رائلسیما سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر چھوٹی آبپاشی ٹی جی وینکٹیش نے تلنگانہ کے وزراء کو سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی پر شور نہ مچانے یا وزارت چھوڑ دینے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارتوں کی تقسیم اور ردوبدل چیف منسٹر کا اختیار تمیزی ہے۔ انتظامی امور کا کنٹرول اور مناسب فیصلے کرنا چیف منسٹر کی ذمہ داری ہے، جس کو وہ بخوبی نبھا رہے ہیں، لہذا ان معاملات میں مداخلت کا کسی کو اختیار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے وزراء اور دیگر قائدین اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے ہیں،

تاہم جب وزارتی قلمدان میں تبدیلی لائی جاتی ہے تو اس کو سیاسی مسئلہ بناکر غیر ضروری واویلا مچایا جاتا ہے۔ اگر انھیں چیف منسٹر کے فیصلے پسند نہیں ہیں تو وہ وزارت سے مستعفی ہوسکتے ہیں، جب کہ وزارت میں شامل رہتے ہوئے چیف منسٹر پر تنقید مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل میں کئی خامیاں اور نقائص ہیں، جس کو سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے چیف منسٹر کی ستائش اور مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی کار کردگی سے چیف منسٹر واقف ہیں اور کب کیا فیصلہ کرنا ہے انھیں اچھی طرح معلوم ہے۔