تلنگانہ کے ورکرس کو خلیجی ممالک روانہ کرنے خصوصی ادارہ کا قیام

’ٹام کام‘ کا حکومت دبئی سے معاہدہ : نرسمہا ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) وزیرداخلہ ریاست تلنگانہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہاکہ ’’ٹام کام‘‘ (تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی) کے ذریعہ ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بیرونی ممالک روانہ ہونے کے خواہشمند ورکرس کو بیرونی ممالک روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آج یہاں تلنگانہ سکریٹریٹ میں وزیرداخلہ نرسمہا ریڈی نے ’’ٹام کام‘‘ (تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی لمیٹیڈ) کے ویب سائیٹ کا افتتاح انجام دیا اور آئندہ سے خانگی افراد کے ذریعہ ورکرس کو بیرونی ممالک روانہ ہونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ بیرونی ممالک روانہ ہونے کے خواہشمند بے روزگار ورکرس دھوکہ میں نہ آنے کے لئے ہی ’’ٹام کام‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیر موصوف نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی خصوصی ہدایت کے پیش نظر ہی تلنگانہ کے بے روزگار نوجوان اور ورکرس بیرون ممالک روانہ ہونے کے لئے دھوکوں وغیرہ سے دوچار نہ ہونے کے مقصد سے اس ’’ٹام کام‘‘ کے قیام کو اولین ترجیح دی گئی۔ وزیرداخلہ نے مزید کہاکہ اس ٹام کام کمپنی کے ذریعہ بیرونی ممالک کو روانہ ہونے والے ورکرس کو حکومت کی مدد بھی حاصل رہے گی اور آن لائن کے ذریعہ خواہشمند افراد اپنی مکمل تفصیلات روانہ کرنے پر ویزا دلوانے میں خود حکومت مدد کرے گی۔ نرسمہا ریڈی نے بیرونی ممالک روانہ ہونے کے خواہشمند بے روزگار ورکرس سے اپنی تفصیلات www.tomcom.telangana.gov.in پر روانہ کرنے کی خواہش کی۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ٹام کام کے ذریعہ جاریہ سال جملہ 759 ورکرس کو دوبئی روانہ کرنے کے لئے تین کمپنیوں سے معاہدات کئے گئے اور حالات بہتر پائے جانے کی صورت میں آئندہ سال 5 ہزار ورکرس کو روانہ کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے حکومت غور کررہی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ یہاں سے روانہ ہونے والے ورکروں کو دوبئی سے ہی راست ویزے فراہم کرنے سے دوبئی حکومت نے صد فیصد اتفاق کیا ہے۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ لیبر ہرپریت سنگھ، پرنسپال سکریٹری محکمہ داخلہ مسٹر راجیو ترویدی اور جنرل منیجر ٹام کام کے بھوانی و دیگر عہدیداروں نے بھی ٹام کام کمپنی کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔ وزیرداخلہ نے اس موقع پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ویناونکا کے پیش آئے عصمت ریزی واقعہ پر حکومت سخت کارروائی کرے گی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ اور ایس پی کریم نگر اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کررہے ہیں۔ اس واقعہ پر مبینہ لاپرواہی برتنے والے سب انسپکٹر پولیس کو معطل کرنے کا وزیرداخلہ نے اظہار کیا۔