تلنگانہ کے نئے اضلاع ہنوز مرکزی گزٹ میں نوٹیفائی نہیں

تلنگانہ اضلاع ہر سال وصول ہونے والے مرکزی فنڈس سے محروم
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے اضلاع تشکیل پاکر کئی ماہ ہوچکے لیکن ہنوز مرکز نے اپنے سرکاری گزٹ میں اسے نوٹیفائی نہیں کیا ہے۔ حالانکہ تلنگانہ کی حکومت اس سلسلہ میں مرکز سے بار بار درخواست کرچکی ہے۔ نئے اضلاع کو نوٹیفائی کرنے میں تاخیر سے تلنگانہ کو مرکز سے وہ فنڈس بھی نہیں حاصل ہورہے ہیں جو پسماندہ علاقہ گرانٹ فنڈ سے دیئے جاتے ہیں۔ اس گرانٹ سے ہر سال تلنگانہ اضلاع کو 50 کروڑ روپئے فی ضلع حاصل ہوتے ہیں۔ مرکزی گزٹ میں نئے اضلاع کی نوٹیفائی نہ کئے جانے سے انتظامی مسائل بھی درپیش ہیں۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسرس کی کمی ہے کیوں کہ مرکز اضلاع کی تعداد کے لحاظ سے عہدیداروں کا الاٹمنٹ کرتا ہے۔ اب بھی پرانے دس اضلاع کے تلنگانہ کی اساس پر آفیسرس الاٹ کئے گئے ہیں۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے ساتھ تلنگانہ اب 21 اضلاع کی ریاست ہے۔ نئے اضلاع کو نوٹیفائی کرنے کا مسئلہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم نریندر مودی سے رجوع کیا ہے لیکن مرکز نے ہنوز کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔