ایک ہی چھت تلے خصوصی سیل کا قیام ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا تربیتی کیمپ سے خطاب
حیدرآباد ۔4 ۔مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں قائم ہونے والے نئے پراجکٹس کو حکومت جلد از جلد منظوری دیگی تاکہ تلنگانہ ریاست میں تیز رفتار صنعتی ترقی ممکن ہوسکے۔ پارٹی کے تین روزہ ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے تلنگانہ میں نئی صنعتوں کے قیام اور حکومت کی جانب سے دی جارہی مراعات کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں میگھا پراجکٹس کی تعمیر کیلئے اندرون 15 یوم حکومت منظوری دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پراجکٹ کے لئے درکار کلیئرنس اور منظوریوں کے سلسلہ میں علحدہ سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی مقام سے سرمایہ کاروں کو تمام منظوریاں دی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانی نوعیت کے پراجکٹس کی منظوری 30 دن میں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹس کی منظوری کیلئے سنگل ونڈو سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد ملک و بیرون ملک سے کئی بڑے اداروں میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ خواتین ، ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں بجٹ میں 200 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جس کے ذریعہ چھوٹے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں انڈسٹریل پارک قائم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کو 2.50 لاکھ ایکر اراضی الاٹ کی گئی ہے جو مختلف کمپنیوں میں تقسیم کی جائے گی۔ سرمایہ کاروں کو تمام انفراسٹرکچر کی سہولتیں حاصل رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے صنعتوں کے قیام میں بینکوں کی حصہ داری کا جائزہ لیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف بڑے پیمانہ پر صنعتوں کے قیام کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر براک اوباما کیلئے تیار کردہ ہیلی کاپٹر کے بعض حصے حیدرآباد میں ہی تیار کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دفاعی شعبہ کے اداروں میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔