تلنگانہ کے مستحق طلبہ نلسار یونیورسٹی میں داخلے سے محروم

CLATمیں کامیابی کے باوجود ناانصافی، ڈاکٹر چیلکور سدھاکر و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) یو جی پروگرام کے تحت ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نیشنل لا یونیورسٹی لکھنو کی جانب سے منعقدہ (CLAT)-2015 ٹسٹ میں اعلیٰ رینک حاصل کرنے کے باوجود ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی ایس سی، ایس ٹی اور جسمانی معذورین کی نشستوں پر نلسار یونیورسٹی میں داخلہ سے محروم کردیا گیا جو ایک سراسر ناانصافی ہے۔ یہ بات آج یہاں کنوینر تلنگانہ اودیا ماویدیکا ڈاکٹر چیلکو سدھاکر، رکن ڈاکٹر جی ونود کمار نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ CLAT-2015 کے کوالیفائیڈ تلنگانہ کے رینکرس کو نلسار یونیورسٹی میں داخلوں میں ناانصافی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 17 طلباء کو نلسار یونیورسٹی میں داخلہ دے کر کینسل کردیا گیا جو انتہائی معیوب بات ہے۔ اُنھوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ نلسار یونیورسٹی میں طلباء کے داخلوں میں تلنگانہ کے طلباء کے ساتھ کی گئی ناانصافی اور داخلوں میں کی گئی دھاندلیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا اعادہ ہونے نہ پائے۔ اس موقع پر رکن تلنگانہ اودیاما ویدیکا مسٹر کے جناردھن بھی موجود تھے۔