تلنگانہ کے متاثرہ کسانوں کو ایک لاکھ امداد کا اعلان

راہول گاندھی کے دورہ پر وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا کا عزم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کی آمد کے وقت کسانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی طرف سے ایک لاکھ روپئے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کے دوسرے قائدین کو بھی امداد دینے کی اپیل کی ہے ۔ 2 دن تک اضلاع کریم نگر اور عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے راہول گاندھی کے پروگرام کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کے زرعی بحران اور کسانوں کے مشکلات میں کانگریس پارٹی ہمیشہ کسانوں کے ساتھ ہے ۔ 19 اپریل کو دہلی کے رام لیلا میدان پر مرکزی حکومت کے حصول اراضیات آرڈیننس کے خلاف کامیاب احتجاج کرنے کے بعد راہول گاندھی ملک بھر میں کسان بھروسہ یاترا کا اہتمام کررہے ہیں ۔ انہوں نے راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کا بھی دور کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کو راہول گاندھی نے قبول کرلیا اور 10 و 11 مئی کو وہ تلنگانہ کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے وہ 2 اور 3 مئی کو اضلاع کریم نگر اور عادل آباد کا دورہ کریں گے ۔ کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ ابھی تک سینکڑوں کسانوں نے خود کشی کرلی ہے ۔ وہ اپنی طرف سے خود کشی کرنے والے کسانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک لاکھ روپئے کا اعلان کررہے ہیں اور ساتھ ہی کانگریس کے دوسرے قائدین کو بھی امداد دینے کی اپیل کررہے ہیں تاکہ خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو کچھ حد تک سہارا دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورے کے بعد تلنگانہ کے کانگریس کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوگا ۔ 27 اپریل کو سکندرآباد کے پریڈ گراونڈ پر ٹی آر ایس کے جلسہ عام کی کامیابی کے بعد کانگریس کیڈر کے حوصلے پست ہوجانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کے جلسے میں سرکاری فنڈز پانی کی طرح بہاتے ہوئے عوام کو زبردستی جلسے گاہ تک پہونچایا گیا ۔ جس کی وجہ سے چیف منسٹر کی تقریر پر انہیں عوام سے توقع کے مطابق ردعمل حاصل نہیں ہوا ۔۔