جنگلات سے سیکوریٹی فورسیس سے دستبرداری کا مطالبہ ، ورا ورا راؤ کی کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد ۔24 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انقلابی ادیب ورا ورا راؤ نے آج تلنگانہ بھون پہنچ کر ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میں ماؤسٹ تحریک اور ماوسٹ تنظیموں سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ورا ورا راؤ نے ٹی آر ایس کے سربراہ سے خواہش کی کہ تلنگانہ ریاست میں ماؤسٹ تنظیموں پر سے امتناع ختم کیا جائے اور ساتھ ہی سیکوریٹی فورسس کو جنگلاتی علاقوں سے دستبردار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی فورسس کی موجودگی کے باعث قبائلی عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔ تلاشی مہم کے نام پر سیکوریٹی فورسس کی جانب سے ہراسانی کی بھی شکایات مل رہی ہیں۔ انہوں نے مختلف الزامات کے تحت برسہا برس سے جیلوں میں محروس رکھے گئے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔ ورا ورا راؤ ماؤسٹ سرگرمیوں پر عبور رکھتے ہیں اور سابق میں حکومت سے بات چیت کیلئے انہوں نے مصالحت کار کا رول ادا کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے واضح کیا کہ دیہی علاقوں میں ناانصافیوں کے خاتمہ کیلئے ماؤسٹ تنظیمیں جدوجہد کر رہی ہیں ۔ لہذا انہیں ملک دشمن عناصر کے تحت نہ دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ماؤسٹوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناانصافیوں کا خاتمہ کرنا چاہئے ۔ جب سماج سے ناانصافیوں کا خاتمہ ہوگا تو پھر ماؤسٹ تنظیموں کی سرگرمیوں میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔