تلنگانہ کے ساتھ کوئی بھی ناانصافی ناقابل برداشت

حیدرآباد۔/21مئی،( سیاست نیوز) قائد تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر این جناردھن ریڈی نے ریاست کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی کسی بھی نوعیت کی ناانصافی کو برداشت نہ کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا تلگودیشم قائدین ریاست کی تقسیم کے معاملہ میں جو تذکرے کررہے ہیں بی جے پی کو پابند رہنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے کیونکہ انتخابات تک ہی تلگودیشم پارٹی اپنی حلیف جماعت تھی۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر این جناردھن ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تقسیم، املاک وغیرہ کی تقسیم، پانی و آبی وسائل کی تقسیم و دیگر تفہیم میں بھی تلنگانہ کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ شرائط کے مطابق سیما آندھرا قائدین کو یہاں چلنا پڑے گا اور اب سیما آندھرا قائدین کی من مانی ہرگز نہیں چلے گی۔

انہوں نے سیما آندھرا قائدین و سیما آندھرا ( آندھرا پردیش ) حکومت سے پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن کو تبدیل کرکے تلنگانہ علاقہ کو نقصان نہ ہونے جیسے اقدامات کے ذریعہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ مختص حصہ کے لحاظ سے سیما آندھرا قائدین پانی استعمال کریں تو کسی کو بھی کوئی اعتراض نہیں رہے گا۔ بی جے پی نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ بنانے کی بی جے پی کے کسی بھی قائد نے اظہار نہیں کیا ہے بلکہ حیدرآباد کو راجدھانی بناتے ہوئے تلنگانہ ریاست کا اعلان کرنے کے تعلق سے اس وقت ہی شریمتی سشما سوراج نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرنے کو یاد دلایا۔

پالی ٹیکنک انٹرنس امتحانات کا انعقاد
حیدرآباد۔/21مئی، ( آئی این این ) پالی ٹیکنک کامن انٹرنس ٹسٹ ( پالی سیٹ۔ 2014) برائے تعلیمی سال 2014-15آج کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ 2,54,063 درج شدہ امیدواروں کے منجملہ 239149 امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا۔ اس طرح امتحانات میں شرکت کرنے والوں کا فیصد 94.13 رہا۔ ان میں 172,625 لڑکے اور 66,524 لڑکیاں شامل ہیں۔ ریاستی بورڈ برائے فنی تعلیم و تربیت کے صدرنشین اجئے جین کے مطابق 4جون تک نتائج کا اعلان متوقع ہے۔