تلنگانہ کے زائرین اور ورکرس کو عراق سے واپس لانے کے اقدامات جاری

عہدیداروں کا وزارت خارجہ اور عراقی سفارت خانوں سے رابطہ، محمود علی کا بیان
حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت عراق میں پھنسے تلنگانہ باشندوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیدار مرکزی حکومت سے ربط میں ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ عراق میں حالات بگڑنے کی اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے چیف سکریٹری راجیو شرما کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی وزارت خارجہ سے ربط قائم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ عراق کے محتلف علاقوں میں ابھی تک 600 سے زائد تلنگانہ باشندوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے اور مرکزی حکومت ان سے ربط پیدا کرتے ہوئے صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور مرکزی حکومت سے مسلسل رابطہ قائم کرتے ہوئے تمام ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے سکریٹریٹ میں ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا ہے تاکہ عراق میں موجود افراد خاندان کو حقیقی صورتحال سے واقف کرایا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست سے تعلق رکھنے والے افراد کی سلامتی کے بارے میں فکرمند ہیں اور ان کے رشتہ داروں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ محمود علی نے کہا کہ عراق سے واپسی کے علاوہ ان خاندانوں کی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عراق میں اچانک خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہونے کے سبب کئی شہروں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد پھنسے ہوئے ہیں، جن میں بیشتر کا تعلق صحت اور طب کے شعبہ سے ہے۔ تقریباً 40 سے زائد نرسس کی موجودگی کی بھی اطلاع ملی ہے۔ کئی افراد کے رشتہ داروں نے حکومت سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ عراق میں موجود افراد نے دو دن قبل تک بھی اپنے رشتہ داروں کو خیریت کی اطلاع دی لیکن دو دن سے کوئی ربط قائم نہیں کیا ۔ مرکزی حکومت نے ہندوستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عراق کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

عراق میں موجود ہندوستانی سفارت خانے کو متحرک کرتے ہوئے ہندوستانی شہریوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایسے ورکرس اور زائرین کی تعداد کے اعداد و شمار حکومت کے پاس موجود نہیں ہے جو فی الحال عراق میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے عہدیداران علاقہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کی وہاں سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے نئی دہلی میں وزارت امورخارجہ اور عراقی سفارتخانہ سے مسلسل ربط میں ہیں۔