تلنگانہ کے دس اضلاع میں اردو بھون کی تعمیر کا اعلان ، اردو کی ترقی پر بھی توجہ

جشن اردو تقریب سے جناب محمد محمود علی ، نواب کاظم علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔28مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام دس اضلاع میںاُردو بھون کی تعمیر کے ذریعہ ریاست میں اُردو زبان کو فروغ دینے کا اعلان کرتے ہوئے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے اُردو زبان کی تباہی کا ذمہ دار اُردو داں طبقے کو ٹھرایااور کہاکہ چار سوسالوں تک حکمرانی کرنے والی قوم اپنی مادری زبان کے تحفظ میںمکمل طور پر ناکام رہی۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام سے قبل ریاست تلنگانہ میں اُردو سرکاری زبان کا درجہ حاصل تھا باوجود اسکے آصف جاہی دور حکومت میںانگریزی کو شہرت ملی ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش قائم ہونے کے بعد اُردو داں طبقے نے بھی اُردو زبان کی ترقی وترویج کے لئے موثر تعلیمی ادارے قائم کرنے یا پھر حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے انگریزی اسکولس کے طرز پر اُردو اسکولس قائم کرنے میںناکام رہے۔آج یہاں نامپلی میںتلنگانہ اُردو فورم و مظہر ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ جشن اُردو تقریب سے خطاب کے دوران الحاج محمد محمود علی نے یہ بات کہی۔تقریب کی نگرانی صدر فورم و سوسائٹی جناب اسمعیل الرب انصاری( اُردو انصاری ) نے کی جبکہ صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس نواب کاظم علی خان ‘ سابق ایم ایل سی حافظ پیر شبیر احمد کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہاکہ تلنگانہ حکومت اُردو زبان کی ترقی وترویج کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے۔انہوں نے حیدرآباد کے بشمول ریاست کے تمام دس اضلاع میںاُردو بھون کے علاوہ وقف بورڈ کے دفاتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی چودہ سالہ جدوجہد کے دوران تلنگانہ کے عظیم قائد ومسیحا کے چندرشیکھر رائو نے اُردو زبان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے متعلق مرکزی حکومت سے مسلسل نمائندگی کرتے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کو اُردو زبان سے بڑا لگائو ہے ۔جناب الحاج محمد محمود علی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام دس اضلاع میں اُردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ فراہم کیاہے۔ انہوں نے اُردو زبان کی ترقی کے لئے مختص کردہ بجٹ کا بھی اس موقع پر ذکر کیا او رکہاکہ سابق حکومتوں نے اُردو زبان کی ترقی کیلئے اتنی بڑی رقم کبھی بھی مختص نہیںکی ۔ انہوں نے اُردو کی ترقی اورترویج کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مکمل تعاون کا بھی اعلان کیا اور تلنگانہ اُردو فورم کی اُردو کیلئے جدوجہد کی ستائش بھی کی۔ قبل ازیں نواب کاظم علی خان صدر امبیڈ کر نیشنل کانگریس نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی سے تلنگانہ میںاُردو بھون کی تعمیر اور اُردو داں خواتین کو ملازمتیں فراہم کرنے کی نمائندگی کی اور اسمعیل الرب انصاری کی اُردو خدمات پر انہیں عمرہ روانہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کی اُردو سے محبت کی ستائش کی اور نئی ریاست تلنگانہ میں اُردو زبان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خاتمے کو یقینی قراردیا۔حافظ پیر شبیر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُردو زبان کے فروغ میں مرکزی او رریاستی حکومتوں کے تعاون کو ضروری قراردیا۔