مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ سے ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کی ملاقات
حیدرآباد۔3 جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو نے آج مرکزی مملکتی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نئی دہلی میں ہوئی جس میں ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر دونوں قائدین کے درمیان بات چیت ہوئی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ انہوں نے ریاست کو درپیش مختلف مسائل سے دتاتریہ کو واقف کروایا ہے۔ دتاتریہ نے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ حیدرآباد میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر اور وزارت لیبر سے متعلق مسائل پر بات چیت کی گئی ہے۔ حیدرآباد شہر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے مرکز سے فنڈس جاری کرنے کی خواہش کی ہے۔ اضلاع میں اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ شہر میں بعض مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت لیبر کے ذریعہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے بنڈارو دتاتریہ نے تعاون کا یقین دلایا۔ کے ٹی آر نے دتاتریہ سے خواہش کی کہ اس اسکیم کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے وزارت ریلوے کی 48 ایکڑ اراضی تلنگانہ حکومت کے حوالے کرنے کے سلسلہ میں دتاتریہ سے تعاون کی خواہش کی گئی۔ اس سلسلہ میں وزیر ریلویز سے بات چیت کی خواہش کی گئی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ میں بند پڑی صنعتوں کے احیاء کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔ سمنٹ فیکٹری اور راما گنڈم میں فرٹلائزر کارپوریشن کے آغاز کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ سرسلہ، نظام آباد اور دیگر علاقوں میں بیڑی صنعت کو بچانے کے لیے مرکز کو آگے آنا چاہئے۔ بیڑی مزدوروں کے لیے 150 بستروں کے دواخانے کی تعمیر، ای ایس آئی ہاسپٹل کے ذریعہ طبی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کی گئی ۔ کے ٹی آر نے ان کے انتخابی حلقے سرسلہ میں ای ایس آئی ہاسپٹل کے قیام کی اپیل کی۔ اس موقع پر این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے دورۂ حیدرآباد کے پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔