تلنگانہ کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے جگن کا فیصلہ

نئی دہلی /21 فروری ( پی ٹی آئی ) پارلیمنٹ کی جانب سے 29 ویں ریاست کی حیثیت سے قیام تلنگانہ کو پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے آج کہا کہ ’’ آندھراپردیش کی غیر جمہورے تقسیم ‘‘ کے خلاف ان کی پارٹی عدالت سے رجوع ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید بل کو غیر جمہوری انداز میں لوک سبھا میں پیش کیا گیا اور اس بل کی منظوری جمہوریت کے دن دہاڑے قتل کے مترادف ہے ۔

جگن نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم عدالت سے رجوع ہوں گے ‘‘ لوک سبھا میں کلیدی تلنگانہ بل کی پیشکشی کے وقت ٹیلی ویژن کوریج بلیک آوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جگن نے کہا کہ ’’ انہوں نے ( حکومت ) نے غیر جمہوری طور پر تمام دروازے بند کردئے تھے اور ریاست کو تقسیم کردیا ‘‘ ۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی نے نہ صرف تقسیم کی تائید کی بلکہ اس کے حق میں ووٹ بھی دیا ۔