مزدلفہ میں قیام کے بعد آج رمی جمار اور قربانی، حج کمیٹی کا خادم الحجاج سے ربط
حیدرآباد۔ 20 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج نے وقوف عرفات کے فریضہ کے تکمیل کے ساتھ ہی حج کی ادائیگی کا شرف حاصل کرلیا۔ تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور خادم الحجاج نے وقوف عرفات کے بعد مزدلفہ روانگی کی حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تمام فرزاندان توحید نے فریضہ حج کی تکمیل کرلی اور آج رات مزدلفہ میں قیام کے بعد منگل کو رمی جمار کے لیے روانہ ہوں گے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے 7 ہزار سے زائد حجاج روانہ ہوئے تھے۔ ان میں تلنگانہ کے حجاج کی تعداد 4453 ہے۔ آندھراپردیش سے 1744 اور کرناٹک کے 1183 حجاج حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ جملہ 7347 حجاج کرام حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ارض مقدس روانہ ہوئے جن میں گرین زمرے سے 1099، عزیزیہ 5390 اور رباط کے 858 حجاج شامل ہیں۔ خادم الحجاج عازمین حج کی روانگی اور ان کی خیریت کے بارے میں حج کمیٹی کو وقتاً فوقتاً رپورٹ روانہ کررہے ہیں۔ خادم الحجاج نے بتایا کہ منی میں کل رات بارش اور تیز ہوائوں کے باعث بعض خیموں کو نقصان پہنچا۔ لیکن سعودی حکام نے فوری مرمت کا کام انجام دیا۔ عازمین حج کے لیے ہر طرح کی بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ منگل کی صبح حجاج کرام مزدلفہ سے رمی جمار کے لیے پہنچیں گے اور فریضہ کی تکمیل کے بعد منی میں کیمپس واپس ہوں گے۔ اسی دن قربانی اور حلق کی تکمیل کے بعد طواف زیارت ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ انڈین حج مشن کی جانب سے ہندوستانی حجاج کرام کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے۔ ضعیف العمر اور بیمار حجاج کرام کے لیے فوری ادویات کا انتظام کیا گیا۔ کئی حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کے بعد پروفیسر ایس اے شکور کو فون کرتے ہوئے بہتر انتظامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور تین دن بعد مکہ مکرمہ میں اپنی عمارتوں کو واپس ہوجائیں گے۔