تلنگانہ کے تمام مستحق افراد کو وظائف کی اجرائی کا عزم

وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ کا ادعا
حیدرآباد۔ 8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اور پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت تمام مستحق افراد کو وظائف جاری کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضعیفوں ، بیواؤں اور معذورین کیلئے وظائف کی رقم میں اضافہ کیا ہے جو ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں سب سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت سرکاری خزانہ پر پڑنے والے بوجھ کی کوئی فکر نہیں کرے گی ۔ وظائف کے سلسلہ میں جتنی رقم درکار ہو، بجٹ سے جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر وظائف کی تقسیم کے مسئلہ پر عوام میں الجھن پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کوئی بھی مستحق شخص وظیفہ سے محروم نہیں رہے گا۔ تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جاریہ ماہ وظائف کی اجرائی کا عمل مکمل کرلیں۔ جاریہ ماہ مستحق افراد کو گزشتہ دو ماہ کا وظیفہ بیک وقت ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں مستحق افراد کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے۔ اس کے باوجود بھی اگر کوئی مستحق افراد پائے جائیں تو انہیں بھی وظیفہ منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے ختم تک غریب خاندانوں میں فوڈ سیکوریٹی کارڈس جاری کردیئے جائیں گے۔ ان کارڈس پر حکومت کے کوٹہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ فلاحی اور بہبودی اسکیمات کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے اور ترجیحی بنیادوں پر اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی ۔ کے ٹی راما راؤ نے آج ضلع رنگا ریڈی کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے شنکر پلی میں سرکاری ڈگری کالج اور برقی پراجکٹ کے قیام کے سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ رنگا ریڈی ضلع کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔