حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی طلبہ کے پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے 48کروڑ 2لاکھ 96ہزار کا بجٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی امداد کے طور پر ایک کروڑ 84لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ نے آج اس سلسلہ میں دو علحدہ احکامات جاری کئے۔ مرکزی اسکیم کے تحت اقلیتی طلبہ کو پری میٹرک اسکالر شپ کی ادائیگی کیلئے 48کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ اس میں پری میٹرک کی تازہ درخواستیں اور رینول کے درخواست گذاروں کو بھی اسکالر شپ ادا کی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی اسکالر شپ اسکیم پر اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ دوسرے جی او کے تحت تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز فینانس کارپوریشن کی امداد کے طور پر ایک کروڑ 84لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ مالیاتی سال کے اختتام سے عین قبل محکمہ فینانس زیر التواء اہم اُمور کے بجٹ کی اجرائی میں مصروف ہے۔