مرکزی اسکیم پر عمل آوری کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود سے رقمی منظوری
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ کے اضلاع رنگا ریڈی، نظام آباد اور عادل آباد میںاقلیتوںکو ہمہ جہتی ترقی سے متعلق مرکزی اسکیم پر عمل آوری کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ 63 ہزار روپئے منظور کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل آج جی او آر ٹی 110 جاری کیا۔ جی او کے مطابق جاریہ مالیاتی سال اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں یہ رقم مذکورہ 3 اضلاع میں خرچ کی جائے گی۔ بجٹ میں مرکزی حکومت نے اس اسکیم کے تحت 105 کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ تاہم پہلے مرحلہ میں 3 کروڑ 37 لاکھ 63 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں زائد اقلیتی آبادی والے علاقوں میں ہمہ جہتی ترقی سے متعلق مختلف پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت تلنگانہ کے 3 اضلاع رنگا ریڈی، نظام آباد اور عادل آباد کا انتخاب کیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی نگرانی میں اس اسکیم پر عمل آوری ہوگی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تینوں اضلاع میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی سے متعلق اسکیمات مدون کرتے ہوئے ان پر عمل کیا جائے گا۔ حکومت نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے خواہش کی ہے کہ وہ یہ رقم مذکورہ اضلاع میں تقسیم کرے اور اس کے خرچ کے بارے میں حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔