تلنگانہ کے ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کے بقایا جات کی اجرائی

مزید درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ، اندرون دو یوم بینک اکاونٹس میں رقمی منتقلی
حیدرآباد۔23 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور موذنین کے لیے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کے تحت وقف بورڈ نے ماہ مئی تک کے بقایاجات جاری کردیئے ہیں۔ 6862 ائمہ اور موذنین کے 6 کروڑ 63 لاکھ 98 ہزار روپئے جاری کیئے گئے۔ ان میں 7 تا 10 ماہ کے بقایاجات بھی شامل ہیں۔ حکومت نے اسکیم کے آغاز کے وقت ماہانہ 1000 روپئے اعزازیہ مقرر کیا تھا اور جاریہ سال مارچ سے یہ رقم بڑھاکر 1500 روپئے کردی گئی ہے۔ چیف ا یگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی نے بتایا کہ مارچ سے 1500 روپئے کے حساب سے اعزازیہ ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے۔ گزشتہ سال 7052 ائمہ و موذنین کو اعزازیہ جاری کیا گیا تھا۔ گزشتہ 2 برسوں میں اس اسکیم کے تحت 14 کروڑ 68 لاکھ 46 ہزار کی اجرائی عمل میں آئی۔ رمضان المبارک کے پیش نظر وقف بورڈ میں درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا کام انجام دیا اور اعزازیہ کے چیکس پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دستخط کیئے۔ ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی رقم اندرون دو یوم بینک اکائونٹ میں جمع ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ایسے ائمہ اور موذنین ہیں جو گزشتہ سال کی مساجد میں برقرار نہیں ہیں۔ لہٰذا انہیں اعزازیہ کی رقم پرانے شناختی نمبر پر جاری نہیں کی جاسکتی۔ جن مساجد میں خدمت کو ترک کیا گیا ان مساجد کی کمیٹیوں نے نئے امام اور موذن کا نام پیش کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق 100 سے زائد ایسی درخواستیں ہیں جنہیں اعزازیہ کی رقم جاری کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی مسجد میں خدمات انجام دینے والے ائمہ اور موذنین وہاں کی کمیٹی سے مکتوب حوالے کرتے ہوئے اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے ائمہ و موذنین کی اسکیم پر کامیابی سے عمل آوری مکمل کرلی ہے۔ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ جون سے ہر ماہ اعزازیہ کی رقم پابندی کے ساتھ ائمہ اور موذنین کے اکائونٹ میں جمع کردی جائے۔