تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس پر آندھرا کا اعتراض مسترد

کرشنا و گوداوری سے مختص پانی کا استعمال عوام کا حق : کڈیم سری ہری
حیدرآباد۔2مئی ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ دریائے کرشنا اور دریائے گوداوری سے ریاست تلنگانہ کو حاصل ہونے والے پانی کے حصہ سے بھرپور استفادہ کرے گی کیونکہ ریاست تلنگانہ کیلئے مختص کئے جانے والے پانی کو ضائع جانے نہیں دیا جائے گا ۔ سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں کے سوال پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیرتعلیم سری ہری نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ خواہ حکومت آندھراپردیش اپنے کابینہ کے اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کو روکنے کی کتنی کوشش کرے حکومت آندھراپردیش اپنی ان کوششوں میں کامیاب نہیں ہوگی ‘کیونکہ ریاست تلنگانہ کو دونوں دریاؤں کے پانی کا استعمال کرنے کیلئے جو حصہ مختص کیا جائے گا اتنا ہی پانی بہرصورت حاصل کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ دریائے کرشنا اور دریائے گوداوری کے پانی سے استفادہ کرنے کا ریاست تلنگانہ کو مکمل حق حاصل ہے اور اس طرح ریاست تلنگانہ اپنا حق حاصل کرنے کیلئے کسی طرح کا بھی پس و پیش نہیں کرے گی ۔ اس دوران بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے آبپاشی پراجکٹوں کی تعمیر میں رکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے حکومت آندھراپردیش زبردست سازش کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔