تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام

6 اگست کو دفتر جی ایچ ایم سی پر دھرنا ، تلگو دیشم پارٹی اجلاس میں فیصلہ ، علی بن سعید الگتمی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : تلگو دیشم پارٹی کا ایک اہم اجلاس اولڈ سٹی میں مسٹر ای پدی ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں قائدین نے کئی اہم مسائل کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مسرس ایم این سرینواس راؤ سکریٹری جنرل حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی کے علاوہ شارنگا پانی ، بجرنگ شرما ، لکشمن یادو ، وی دمیش ، عبدالرحمن ، این کیشور اور دیگر شامل ہیں ۔ اجلاس کے بعد جناب علی بن سعید الگتمی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس اجلاس میں ماقبل عام انتخابات ٹی آر ایس کے منشور میں شامل کردہ امور کا جائزہ لیا گیا ۔ جس میں بالخصوص ریاست تلنگانہ کے مسلم اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی ، ڈبل بیڈ روم کی فراہمی کا وعدہ لیکن تاحال سنگل بیڈ روم بھی فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔ اس پر غور و خوص ، گاندھی ہاسپٹل میں برقی کی وجہ سے مریضوں کی اموات ، ٹی آر ایس حکومت نے ایک اور دواخانہ کا قیام کا اعلان کیا تھا تاہم اس پر بھی عمل آوری نہیں کی گئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایشیاء میں سب سے بڑے دواخانے کہلانے والے عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹلس ان دنوں خستہ حالی کا شکار ہیں ۔ جہاں پر کئی سہولتوں کا فقدان ہے اور ناقص صاف و صفائی سے مریض پریشان حال ہیں ۔ ان دنوں جب کہ شہر میں کئی ایک وبائی امراض جیسے کالیرا ، ہیضہ ، ڈینگو ، سردی و زکام ، یرقان پھیلا ہوا ہے ۔ ایسے میں مناسب علاج کی سہولت نہیں ہے ۔ اندرون و بیرون شہر کوڑا کرکٹ کا انبار رہنے سے وبائی امراض میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ شہر کے متعدد سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں تو دوسری جانب ڈرینج کے ناقص انتظام سے بیماریوں میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے ۔ شہر کے ایسے حالات میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں توجہ دے رہا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بلدیہ شہر میں صفائی پر کس حد تک توجہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی عوام سے بیزار ہوچکی ہیں اور ناراضگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی ایجوکیشن پالیسی بھی ناقص ہے ۔ ایمسیٹ I ، ایمسیٹ II اور ایمسیٹ III کے علاوہ آن لائن داخلوں کا لزوم سے طلبہ برادری بیزار ہوچکی ہے ۔ اس طرح کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی نے 6 اگست کو جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔