حیدرآباد۔25مئی ( پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے اپنی نئی صنعتی پالیسی کا 7جون کو اعلان کرنے کا منصوبہ بنائی ہے جس کے تحت ریاست میں صنعتوں کے قیام کیلئے درخواست اجازت کو وصولی کے اندرون 15یوم منظوری دینے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس ضمن میں وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس طلب کیا اور 7جون کو نئی صنعتی پالیسی کے اعلان کا فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر کئی صنعتکار ہمہ قومی کارپوریٹس کے نمائندے اور صنعتی مندوبین بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں یہ انکشاف کیا گیا ۔ نئی صنعتی پالیسی کے مطابق حکومت کی طرف سے صنعتوں کو اراضیات ‘ پانی اور برقی سربراہ کی جائے گی ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاستیصنعتی انفراسٹرکچر کارپوریشن کیلئے 1,60,000ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اور اس کارپوریشن کے ذریعہ ہی نئی صنعتوں کیلئے اراضیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے قیام کی اجازت کی اجرائی میں ہونے والی تاخیر کو اس نئی صنعتی پالیسی کے ذریعہ ختم کیا جائے گا ۔