حیدرآباد 7 ڈسمبر (پی ٹی آئی )حکومت تلنگانہ رواں مہینہ ڈسمبر کے تیسرے ہفتہ میں اپنی انفوٹیک پالیسی جاری کرنے کا منصوبہ بنائی ہے۔ ریاستی حکومت کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہ حیدرآباد پہلے ہی انفوٹیک صنعت کا ایک پرکشش مقام ہے جہاں اس شعبہ کو مزید فروغ دینے کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے کہا کہ نئی پالیسی صنعتوں اور اداروں کے قیام سے متعلق کلیئرنس کی عاجلانہ اجرائی کویقینی بنائے گی۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ آئی ٹی صنعت میں 16 فیصد ترقی ہوگی جس سے 20 لاکھ افراد راست یا بالواسطہ طور پر ملازمتیں حاصل ہوں گی۔ وزیر آئی ٹی نے نئی پالیسی کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ گذشتہ چند دن کے دوران سرگرم مشاورتیں کرچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ پالیسی طلباء میں تحقیق ، تدریج و اختراع اور صنعتکاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی۔ حکومت نے اس پالیسی کے ذریعہ ٹائر ۔II شہروں میں صنعتکاری کی حوصلہ افزائی کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کے ٹی راما راو نے کہا کہ یہ پالیسی سوشیل میڈیا کو اہمیت دے گی۔