تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سے چیف منسٹر گجرات متاثر

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی وجئے روپانی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے احمد آباد کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی سے ملاقات کی۔ گجرات وقف بورڈ کے صدرنشین سجاد ہیرا کے ہمراہ چیف منسٹر سے سکریٹریٹ میں ملاقات کے دوران محمد سلیم نے تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا ۔ وجئے روپانی نے تلنگانہ کی اسکیمات کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی حکومت اس طرح کی اسکیمات کے آغاز کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے وضاحت کی کہ گجرات میں اقلیتوں کی دیگر طبقات کی طرح ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محمد سلیم نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے 2000 کروڑ کے بجٹ کے علاوہ شادی مبارک ، اوورسیز اسکالرشپ اسکیم ، سیول سرویسز کوچنگ، 204 اقامی اسکولوں کا قیام ، ائمہ اور مؤذنین کیلئے ماہانہ اعزازیہ ، فینانس کارپوریشن سے کاروبار کے آغاز کیلئے سبسیڈی جیسی اسکیمات کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت سے مکمل تعاون حاصل ہورہا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام طبقات کے عید اور تہوار سرکاری طورر پر منائے جاتے ہیں اور تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد گنگا جمنی تہذیب کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ وجئے روپانی نے گجرات میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے حکومت کے تعاون کا ذکر کیا اور کہا کہ گجرات کی اقلیتیں حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے 4 سال کے عرصہ میں ریاست ملک میں سرفہرست ہوچکی ہے۔ صنعتوں کے قیام اور دیگر شعبہ جات میں ملک میں تلنگانہ کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ کے سی آر ملک کے نمبر ون چیف منسٹر ہیں اور انہوں نے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے خواب کو پورا کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ محمد سلیم نے اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات کا مشاہدہ کرنے کیلئے چیف منسٹر کو دورہ تلنگانہ کی دعوت دی ۔