تلنگانہ کی سڑکوں کو ’’آئینہ ‘‘ بنا دیا جائے گا

4 ایکسپریس ہائی ویز کی تعمیر ، شہر میں ٹریفک جام پر کے سی آر کی تشویش
حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (این ایس ایس) تلنگانہ میں اندرون ایک سال تمام سڑکوں کو ’’آئینہ‘‘ بنادینے کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ بین الاقوامی معیار کے چار ایکسپریس ہائی ویز تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی توسیع اور تعمیر و مرمت کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے (ہر ضلع کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے) بھی مختص کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے آج سیکریٹریٹ میں تلنگانہ کے 10 اضلاع میں سڑکوں کے تعلق سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے حیدرآباد میں عوام کو مسلسل ٹریفک جام اور دیگر مشکلات پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کابینی ذیلی کمیٹی مقرر کی جو صورتِ حال کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ ٹنڈرس کی فوری طلبی کیلئے رپورٹ دینے کی ہدایت دی۔ کے سی آر نے شہر میں ٹریفک جام اور سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کیلئے پیشرو حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو تلنگانہ رورل روڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن تشکیل دینے اور شہر میں پارکنگ کیلئے عالمی معیار کی ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ سڑکوں پر گڑھوں اور سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ باقاعدہ مرمت و دیکھ بھال نہ ہونے سے سڑکوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو اس ضمن میں توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پی وی ایکسپریس ہائی وے کی طرز پر چار ایکسپریس ہائی ویز تعمیر کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ورنگل سے آنے والوں کیلئے اپل ، کریم نگر سے آنے والوں کیلئے جوبلی بس اسٹیشن ، بودھن اور میدک سے آنے والوں کیلئے پیراڈائز اور نلگنڈہ سے آنے والوں کیلئے ایل بی نگر پر ان ایکسپریس ہائی ویز کی تعمیر کی جائے گی۔