90 ہزار کلو میٹرس کے رقبے کی سڑکوں کی صفائی کا کام شروع آئندہ ہریتاہرم سے قبل کام کی تکمیل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی ( سیاست نیوز ) قومی شاہراہوں پر گھاس اور دیگر جھاڑیوں کے اُگ جانے سے نہ صرف سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑتا ہے بلکہ بسااوقات یہ جھاڑیاں بڑے حادثات کی وجہ بھی بنتے ہیں اور اب چند ہفتوں میں موسم برسات کی آمد ہے جس سے حادثات کے خدشات مزید بڑھ جاتے ہیں لہذا ریاست تلنگانہ کے 90,000 کلو میٹرس پر اُگنے والی گھاس اور جھاڑیوں کی صفائی کا ایک بڑا کام شروع کیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز ہوئے ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیا کہ 25,000 کلو میٹرس پنچایت روڈ اور 67,500 کلو میٹر کی ہائی وے سڑکوں کو گھاس پھوس سے صاف کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں پنچایت راج کے وزیر جوبلی کرشنا راؤ اور آر اینڈ بی کے وزیر ٹی ناگیش ور راؤ کے علاوہ دونوں شعبوں کے حکام بھی موجود تھے جس میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ مذکورہ مشن کو ہریتا ہرم کے آئندہ پروگرام سے قبل تکمیل کر لیا جائے ۔ علاوہ ازیں عہدیداروں کو یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ اس کام کیلئے ارتھ مووینگ مشن کا نہ صرف استعمال کیا جائے بلکہ ایک دن میں ایک مشن سے کتنے کلو میٹرس کے احاطے میں گھاس اور جھاڑیوں کی صفائی ہوگی اس کا تخمینہ بھی لگایا جائے ۔ علاوہ ازیں جہاں بھی ضرورت ہوگی وہاں این آر ای جی اے کے ملازمین کی خدمات حاصل کرتے ہوئے انہیں روزگار بھی فراہم کیا جائے ۔ دریں اثنا عہدیداروں کو تمام احکامات جاری کرنے کے علاوہ کام سے پہلے اور کام کے بعد مختصر ویڈیوز بھی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔