تلنگانہ کی سرزمین پر سرمایہ کاری کے بہترین مواقع

سکریٹریٹ میں سنگاپور کے ماہرین انجینئرس کی ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ملاقات
حیدرآباد۔21اگست(سیاست نیوز) سنگاپور میںمختلف ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل کرنے والے اور لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کی توسیع کرنے والے ڈائزینر وانجینئرس کے وفد نے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی سے ان کے چیامبر واقع ریاستی سکریٹریٹ میںملاقات کی۔ وفدمیں سنگا پور کے سینٹ تھوزا جزیرہ کی تعمیر کرنے والے انجینئر اینڈی یونگ‘ لندن ہیتھرو کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر کئی پراجکٹس کی تکمیل کرنے والے کمپنی ٹائیگرس کواپریشنس کے انجینئر سوئین ٹیم کے علاوہ ہندوستان میں سنگاپور کے ادارے ٹائیگرس کواپریشن‘ زے اسوسیٹس کے ریجنل ڈائرکٹر میر اشفاق علی خان کے علاوہ شہنواز علی خان اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر وفد نے نائب وزیر اعلی کے روبرو ایک پائور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی پیش کیا جس میں تلنگانہ ریاست میںترقیاتی کاموں کی انجام دہی اور بیرونی سرمائے کاری کے متعلق مذکورہ تجارتی اداروں کے پاس موجود منصوبوں کو پیش کیا۔ وفد نے تلنگانہ کی سرزمین کو سرمایہ کاری کے لئے بہترین مقام قراردیتے ہوئے کہاکہ سنگاپور کے مذکورہ ادارہ جات تلنگانہ میں بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے کام کریں گے۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے بھی وفد کا استقبال کرتے ہوئے وفد کی جانب سے پیش کردہ پریزنٹیشن کو سراہا ۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پچھلے ساٹھ سالوں میں تلنگانہ کے وسائل پر غیر علاقائی سرمایہ داروں اور حکمرانوں کا قبضہ تھا جو ناصرف علاقہ تلنگانہ کی پسماندگی کاسبب بنا بلکہ تلنگانہ کے قابل اور ہونہار نوجوانوں کو بے روزگار بنانے کی وجہہ رہا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں مواقعوں کی کمی کے سبب بیرون ملک تلنگانہ کے نوجوان اپنی قابلیت کا لواہا منوارہے ہیں اور ریاست تلنگانہ کے ساتھ اپنے ملک کا بھی نام روشن کررہے ہیں۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت غیر ملکی بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے بیرونی تجارتی اداروں کا مکمل تعاون کریگی تاکہ تلنگانہ کے قابل اور ہونہار نوجوانوں کو تلنگانہ میںملازمت کے مواقع فراہم اور ریاست تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ نائب وزیر اعلی نے بیرونی تجارتی اداروں ‘ کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔