چیف منسٹر کے سی آر کی مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو سے ملاقات
حیدرآباد 9 فبروری (سیاست نیوز)تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سے مناسب فنڈس کے حصول کے سلسلہ میں حکمت عملی کے طور پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی ۔ وینکیا نائیڈو سے کے سی آر کی ملاقات اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ وینکیا نائیڈو کا تعلق آندھراپردیش سے ہے اور حکومت آندھرا پردیش مرکز سے خصوصی موقف کے اعلان کیلئے اُن کی خدمات حاصل کررہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے ریاست کیلئے مرکز کی گرانٹ اور مختلف شعبوں میں انصاف کیلئے وینکیا نائیڈو کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے اپنے فرزند اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے ہمراہ نئی دہلی میں وینکیا نائیڈو کی قیامگاہ پر ظہرانہ میں شرکت کی ۔ تلنگانہ اور آندھرائی قائدین کی طویل عرصہ بعد ظہرانہ پر یہ پہلی ملاقات تھی ۔ اس ملاقات کے دوران کے سی آر نے ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی فنڈس کے حصول میں وینکیا نائیڈو سے تعاون کی اپیل کی ۔ ملاقات کے بعد چندر شیکھر راؤ نے وینکیا نائیڈو کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ وینکیا نائیڈو کا مرکزی وزارت میں موجود رہنا دونوں تلگو ریاستوں کیلئے خوش قسمتی کا باعث ہے ۔ مختلف امور بشمول ترقیاتی پراجکٹس اور تلنگانہ کی ترقی جیسے امور پر دونوں قائدین نے تبادلے خیال کیا۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ اور وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ تلنگانہ میں شہری علاقوں کی ترقی ‘پانی کی سربراہی اور دیگر اسکیمات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حیدرآباد کی ترقی کے سلسلہ میں کے سی آر نے وینکیا نائیڈو سے تعاون کی اپیل کی جس پر وینکیا نائیڈو نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ وینکیا نائیڈو نے تلنگانہ کے شہری علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں مرکز سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کے سی آر سے اُن کی ملاقات خیر سگالی ہے اور تلنگانہ میں عمل کی جارہی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر بات چیت ہوئی ۔ مرکزی وزارت شہری ترقی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ حیدرآباد کی ترقی کے سلسلہ میں کے سی آر نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور دیگر مرکزی وزراء بھی تلنگاہ کی ترقی میں ممکنہ تعاون کریں گے ۔ انہوں نے شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر کی اسکیم پر عمل آوری میں تعاون کا یقین دلایا ۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں واٹر گرڈ اسکیم پر عمل آوری میں تعاون کیلئے مرکزی وزیر بریندر سنگھ سے ملاقات کی ۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران کے سی آر کی مختلف مرکزی وزراء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔