تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا اپوزیشن کا ایجنڈہ

آبپاشی پراجکٹس پر تلگو دیشم و کانگریس کی مہم پر تنقید : گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور
حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے اپوزیشن جماعتوں پر تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے واحد ایجنڈہ پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کے خلاف تلگودیشم اور کانگریس کی مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کے ایشور نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے کانگریس پارٹی کے قائدین ہر مرحلہ پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ بھٹی وکرامارکا اور قائد اپوزیشن جانا ریڈی بار بار بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کررہے ہیں۔ عوام ان کے اقدامات پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات سے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ ہورہا ہے اور عوام اسکیمات کے فوائد سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں یہ قائدین مختلف بے قاعدگیوں میں ملوث رہے۔ اتم کمار ریڈی نے وزیر ہاوزنگ کی حیثیت سے کئی بے قاعدگیاں کی ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں اس کے علاوہ انتخابات کے موقع پر ان کی گاڑی سے کروڑہا روپئے ضبط کئے گئے لیکن آج تک انہوں نے اس رقم کی وضاحت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جانا ریڈی نے وزیر پنچایت راج کی حیثیت سے زرعی شعبہ کو سیراب کرنے پر توجہ نہیں دی جس کے نتیجہ میں کسانوں کو کافی نقصان ہوا۔ ٹی آر ایس حکومت مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کے تحت نئے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کیا جائے گا۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا مقصد ریاست کو مستقل طور پر خشک سالی سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کیلئے کسانوں سے اراضیات کے حصول کے وقت مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ گورنمنٹ چیف وہپ نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات سے متاثر ہوکر دیگر جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ اس مسئلہ پر کانگریس قائدین کو تنقید کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کیا گیا تھا اسوقت یہ قائدین خاموش کیوں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نے ایک دن بھی تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا یہی وجہ ہے کہ گذشتہ دو برسوں میں تمام انتخابات میں ٹی آر ایس کو عوام نے کامیابی سے ہمکنار کیا اور اپوزیشن امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ گورنمنٹ چیف وہپ نے اپوزیشن کو محض تنقیدوں کا راستہ ترک کرنے کی صلاح دی۔