عہدہ یا اقتدار کی لالچ نہیں ، کے سی آر کی قیادت کو مستحکم بنانے کا عزم
حیدرآباد۔/26جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے والے قانون ساز کونسل کے ارکان نے واضح کردیا کہ وہ کسی عہدہ یا اقتدار کے لالچ میں ٹی آر ایس میں شامل نہیں ہوئے ہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کی ترقی میں اپنی حصہ داری ادا کرسکیں۔ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچرس زمرہ کے ارکان قانون ساز کونسل جناردھن ریڈی، پی رویندر، سدھاکر ریڈی، کانگریس کے ایم ایل سی راج لنگم اور سابق ایم ایل سی اندرسین ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں ان کی شمولیت پر مختلف گوشوں سے اعتراضات کئے جارہے ہیں، ان کا ایقان ہے کہ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔ ان قائدین نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کیلئے تلنگانہ قائدین میں اتحاد ضروری ہے۔ عوامی توقعات کو پورا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تلنگانہ کے تمام قائدین چندر شیکھر راؤ کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے عوامی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ راج لنگم اور اندرسین ریڈی نے کہا کہ اگرچہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی مساعی کے سبب تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے تاہم اس کی ترقی کیلئے کے سی آر کی قیادت کو وہ مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل قربانیوں اور جدوجہد کے بعد جو ریاست حاصل ہوئی ہے اسے ترقی دینا تمام جماعتوں اور قائدین کی ذمہ داری ہے۔ پی آر ٹی یو کے ایم ایل سی سدھاکر ریڈی نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مزید ارکان اسمبلی اور کونسل ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد عوامی وعدوں کی تکمیل کا بیڑہ اُٹھایا ہے اور انتخابی منشور میں شامل وعدوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانگریس کے قائدین نے کہا کہ ان کی ترجیح تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے ناانصافیوں کے خلاف چندر شیکھرراؤ کی جدوجہد میں دیگر جماعتوں کو بھی شامل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو مرکزی حکومت کے ذریعہ تلنگانہ سے ناانصافی کی کوشش کررہے ہیں۔ پولاورم پراجکٹ کے تحت 7منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام اور برقی کے شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی مذمت کرتے ہوئے ارکان کونسل نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیئے کہ وہ ریاست کی تنظیم جدید بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے۔