صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کی چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا سے ملاقات پر مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے تلنگانہ کو 7 ٹی ایم سی پانی جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ تلنگانہ کانگریس قائدین کی نمائندگی پر حکومت کرناٹک نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی قیادت میں کانگریس کا وفد جس میں قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ، محمد علی شبیر ( کونسل ) سابق وزراء ڈی کے ارونا ، جی چنا ریڈی ، ارکان اسمبلی سمپت کمار ، ومشی چندر ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ وغیرہ شامل تھے ۔ بنگلور میں چیف منسٹر سدارامیا سے ان کی قیامگاہ میں ملاقات کی اور انہیں ریاست کی بالخصوص ضلع محبوب نگر کے لیے 15 ٹی ایم سی پانی نارائن پور ذخیرہ آب سے جاری کرنے کی اپیل کی اور راجو لی بنڈہ ڈئیوریشن اسکیم کے پیاکیجس 1,2 کے کاموں میں سپل وے کی بلندی میں 6 انچ اضافہ کرتے ہوئے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کرناٹک نے تلنگانہ کو 7 ٹی ایم سی پانی جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ سپل وے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لیے عہدیداروں کو ہدایت دینے کا بھی تیقن دیا ۔ تلنگانہ کانگریس قائدین مثبت ردعمل کا اظہار کرنے پر چیف منسٹر سدارامیا سے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر کرناٹک کے وزیر آبپاشی پاٹل اور اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ جے تیش بھی موجود تھے ۔۔