عوام سے تجاویز طلب، ٹاسک فورس کی 10 ڈسمبر سے قبل منصوبہ کو قطعیت
حیدرآباد۔29نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست کو نقد رقم کے لین دین سے پاک بنانے کیلئے اقدامات پر شہریوں سے بذریعہ ای۔میل تجاویز طلب کی ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے ملک میں الکٹرانک اور کارڈ کے ذریعہ تجارت کے فروغ کے منصوبہ کے اعلان کے بعد حکومت تلنگانہ نے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعدد اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں اعلی عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹاسک فورس کی بھی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے اس ٹاسک فورس کی جانب سے تاجرین ‘ شہریوں اور دکانداروں سے تفصیلات اکٹھا کی جائیں گی اور الکٹرانک ادائیگی کے فروغ کیلئے درکار انفراسٹرکچر اور شعور بیداری کے متعلق منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی تجاویز cashless.suresh@gmail.com روانہ کریں۔ حکومت تلنگانہ کو ریاست کے شہری اپنی تجاویز 10ڈسمبر سے قبل روانہ کردیں تاکہ حکومت کو ان تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کرسکیں ۔ ٹاسک فورس کی تشکیل کے ذریعہ حکومت کی جانب سے ریاست بھر کے تجارتی اداروں کو الکٹرانک اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کا پابند بنانے کی کوشش کررہی ہے بتایا جاتا ہے کہ حکومت ریاست تلنگانہ کو ملک کی ان اولین ریاستوں میں شامل کرنے کی کوشش میں ہے جو مختصر مدت میں نقد رقم کے لین دین سے پاک ریاست ہو جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر میں کارڈ کے ذریعہ یا الکٹرانک ادائیگی کو قبول نہ کرنے والے اداروں کو اس زمرے میں شامل کرنے کے منصوبہ کو بھی اندرون 10ڈسمبر قطعیت دیدی جائے گی تاکہ تمام تجارتی مراکز اور ایسے مقامات جہاں ادائیگیاں ہوتی ہیں ان تمام مقامات پر نقد رقم کے بغیر لین دین ممکن ہو سکے۔