سنگاپور /22 اگست ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ہندوستان کی جدید ترین ریاست تلنگانہ بہت جلد سنگارپور ماڈل کے خطوط پر ترقی کرے گی ۔ سنگاپور کے غور سے دیکھنے کے بعد کے سی آر نے کہا کہ’’ میں ( سنگاپور) میں ڈسپلین اور وقت کے پابندی اور زرہ برابر بھی رشوت نہ ہونے پر کافی متاثر ہوا ہوں‘‘ ۔ چیف منسٹر نے این انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کانفرنس ( آئی آئی ایم پیکٹ 2014 ) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سنگاپور کا میں بہترین انداز میں بغور مشاہدہ کرنے کے بعد اب میرے ذہن میں اس بات پر کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہا ہے کہ ریاست تلنگانہ کو سنگاپور کے خطوط پر ترقی دی جاسکتی ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومت تلنگانہ ملک کی کسی بھی دوسری ریاستی حکومت سے کہیں زیادہ ترغیبات سرمایہ کاروں کو فراہم کرے گی ‘‘ ۔ سرمایہ کاری کرنے والی صنعتیں ٹیکس فوائد سے استفادہ کرسکیں گی ۔ سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکس میں چھوٹ کے فیصلہ سے متعلق ایک سوال پر کے سی آر نے جواب دیا کہ ’’میں فیصد کے بارے میں نہیں کہہ سکتا لیکن یہ کسی بھی دوسری ریاست سے بہت کم رہیں گے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ( لیکن ) میں پڑوسی ریاستوں کی جانب سے پیشکش کی جانے والی ترغیبات کا جائزہ لے چکا ہوں ۔ میری حکومت ترغیبات پر ایک پیاکیج جاری کرے گی جو یقیناً دیگر ریاستوں کی طرف سے کی جانے والی پیشکش سے بہتر رہے گا ‘‘ ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں برقی کی قلت پر پائی جانے والی تشویش کو مسترد کردیا اور تیقن دیا کہ ان کا انتظامیہ ڈھائی تین سال کے دوران اس بنیادی ضرورت کے حصول کا مقصد پورا کرلیگا ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ ’’ ڈھائی یا تین سال میں تلنگانہ میں برقی کی پیداوار فاضل ہوجائے گی اور اس وقت تک آپ کی صنعتوں کی تعمیر بھی مکمل ہوجائے گی ۔ مسٹر راؤ نے کہا کہ وہ اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ صنعتکاری سے اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہوگی اور وہ اس سال جون کے دوران وجود میں آنے والی اس نئی ریاست میں دکار بڑے پیمانے پر ترقی کیلئے انتھک مساعی کر رہے ہیں ۔ ہندوستانی کارپوریٹ ٹیکس کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ہندوستانی ریاستوں کو انتہائی مسابقتی انداز میں کام کرنا ہوگا ۔ بانی و سرکردہ سرمایہ کاروں کیلئے جنوب مشرقی ایشیاء کے چند ممالک میں سرمایہ کاری کے 10 فیصد حصہ تک ٹیکس میں چھوٹ کی ترغیبات بھی دی جاتی ہیں ۔ اس قسم کی پیشکش کے معاملہ میں سنگاپور سرفہرست ہے ۔