تلنگانہ کو دفاعی اراضی الاٹ کرنے نرملا سیتا رامن کا تیقن

کے ٹی آر کے ٹوئیٹ کا جواب، تلنگانہ حکومت پُرامید
حیدرآباد ۔ 7۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو تیقن دیا کہ تلنگانہ حکومت کیلئے ڈیفنس اراضی الاٹ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ نرملا سیتا رامن نے کے ٹی آر کی جانب سے کل کئے گئے ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو تلنگانہ کیلئے ڈیفنس کی اراضی الاٹ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے عہدیدار باہم تفصیلات کا تبادلہ کرتے ہوئے اس مسئلہ کو قطعیت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں مہاراشٹرا ، ارونانچل پردیش اور کرناٹک کے ساتھ اسی طرح کی کارروائی کی گئی ۔ کے ٹی آر نے نرملا سیتا رامن سے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حیدرآباد کے عوام کے مفاد میں اس مسئلہ کا تیزی سے حل برآمد ہوگا۔ واضح رہے کہ بنگلور میں انفراسٹرکچر پراجکٹس کی تعمیر کیلئے 210 ایکر ڈیفنس لینڈ الاٹ کرنے پر کے ٹی آر نے کل ٹوئیٹ کیا تھا۔ انہوں نے نرملا سیتا رامن کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ تلنگانہ کے ساتھ بھی اسی طرح کی خیرسگالی اور اسی طرح کا اصول اپنایا جائے گا۔ کے ٹی آر نے یاد دلایا کہ تلنگانہ حکومت گزشتہ دو برسوں سے 160 ایکر دفاعی اراضی کیلئے مرکز سے درخواست کر رہی ہے تاکہ حیدرآباد میں دو اہم اسکائی ویز تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے وزیر دفاع سے مثبت ردعمل کی امید ظاہر کی تھی ۔ نرملا سیتا رامن کے تازہ ٹوئیٹ سے تلنگانہ کیلئے ڈیفنس لینڈ کے الاٹمنٹ کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔ مرکزی وزیر کے ٹوئیٹ کے مطابق مرکز اور ریاست کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں تفصیلات کا تبادلہ کرتے ہوئے مرکز کو رپورٹ پیش کرنی چاہئے جس کے بعد مرکزی حکومت فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے جمخانہ گراؤنڈ کی دفاعی اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ وزیراعظم سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے اس مطالبہ کو دہرایا اور مکتوب حوالے کیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ وزیر دفاع نرملا سیتا رامن تلنگانہ حکومت کو ڈیفنس لینڈ الاٹ کرنے کیلئے کس حد تک عاجلانہ کارروائی کریں گی۔