انتخابی مہم کا کل آغاز ، ایس وینکٹ سوامی و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں منعقد شدنی ایم ایل سی گریجویٹ زمرہ کے انتخابات میں اسٹیٹ کنوینر تلنگانہ کارپوریٹ پرائیوٹ ایمپلائز فیڈریشن مسٹر اے سنیل کمار کو ایم ایل سی گریجویٹ حلقہ محبوب نگر ، رنگاریڈی اورحیدرآباد سے تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی کے تائیدی امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں اتارا ہے جن کی انتخابی مہم کا آغاز 21 فروری کو پریس کلب بشیر باغ میں 2 بجے دن سے کیا جائے گا ۔ یہ بات جنرل سکریٹری کمیٹی ایس وینکٹ سوامی نے پارٹی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی کے تائیدی امیدوار اے سنیل کمار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے شروع کی جانے والی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے سے متعلق انہوں نے کہا تمام کمیونسٹ پارٹیوں کے سکریٹریز ، عام آدمی پارٹی کے قائدین ، کے علاوہ تمام سیاسی ، مذہبی ، اور عوامی تنظیموں سے وابستہ قائدین کو یادداشتیں روانہ کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام سیاسی جماعتیں رائے دہندوں سے روپیہ اور پیسہ کے عوض ووٹ حاصل کرتے ہوئے قیمتی ووٹ کا استحصال کررہی ہیں ۔ ملک و ریاست سے کرپشن جیسی لعنت کے خاتمہ پر ہی سماج میں سدھار اور عوام کو سماجی انصاف کا حصول یقینی ثابت ہوگا ۔ ایم ایل سی گریجویٹ زمرہ کے امیدوار مسٹر اے سنیل کمار جو نارائنا کارپوریٹ کالج میں بحیثیت لکچرر اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے کارپوریٹ کالجس کے ملازمین کے مسائل کے حل میں بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ تحریک تلنگانہ کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے گریجویٹ حلقہ کے اضلاع محبوب نگر ، رنگاریڈی اور حیدرآباد کے تمام گریجویٹ رایء دہندوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی کے تائیدی امیدوار مسٹر اے سنیل کمار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر گریجویٹ حلقہ کے امیدوار مسٹر اے سنیل کمار ، تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی قائدین مسرز پروفیسر پی ایشوریا ، کے راجہ گوڑ ، ایم کرشنا مورتی ، پی مہیشور بھی موجود تھے ۔۔