حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والی ٹینس اسٹار اور تلنگانہ کی برانڈ ایمبسیڈر ثانیہ مرزا کو ایک کروڑ روپئے کے انعام سے نوازا ہے۔ ثانیہ مرزا نے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کے سی آر نے ثانیہ مرزا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔ چیف منسٹر نے ایک کروڑ روپئے کا چیک ثانیہ مرزا کے حوالے کیا اور آئندہ بھی ٹینس مقابلوں میں ان کی کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یو ایس اوپن گرانڈ سلام مکس ڈبل ٹائیٹلس ثانیہ مرزا نے حاصل کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز تلنگانہ سے معنون کیا جس کی وہ برانڈ ایمبسیڈر ہیں۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر کہا کہ ان کی حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ وہ اسپورٹس میں بہتر مظاہروں کے ذریعہ ریاست کا نام روشن کریں۔ واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ حکومت نے حال ہی میں دیگر اسپورٹس مینس کو بھی ان کے شعبوں میں بہتر مظاہرہ پر انعام سے سرفراز کیا۔ بعد میں ثانیہ مرزا نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی کے سبب ہی وہ یو ایس اوپن ٹینس مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرپائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تلنگانہ کا نام روشن کرنے کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گی۔ ثانیہ مرزا نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت کی اس حوصلہ افزائی کے سبب انہیں آئندہ بھی کامیابیوں کی امید ہے۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ تلنگانہ کے برانڈ ایمبسیڈر ہونے پر انہیں فخر ہے اور وہ حکومت کی اس حوصلہ افزائی کو کبھی فراموش نہیں کریں گی۔ اس موقع پر تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد اور دیگر سرکاری عہدیداروں نے ثانیہ مرزا کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔