حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و امیدوار حلقہ لوک سبھا کریم نگر مسٹر پونم پربھاکر نے پر زور الفاظ میں کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے اور تلنگانہ ریاست کا قیام کا وعدہ پورا کرنے والی بھی کانگریس پارٹی ہی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے بعض قائدین و کارکنوں کے ساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبہ پر کانگریس قائدین نے نہ صرف جدوجہدکی بلکہ اپنی عظیم قربانیاں بھی دیں جس کے پیش نظر ہی تلنگانہ عوام کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے صدر نشین یو پی اے مسٹر سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میںلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کی مسٹر پونم پربھاکر نے زبردست ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مسز سونیا گاندھی کے اس قرض کو ادا کرنے کیلئے کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کی شدید ضرورت ہے۔