حیدرآباد۔/28 فبروری، ( پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے آج موبائیل گورننس اپلیکیشن’T App Folio’ لانچ کیا جو ایک ہی جگہ سے شہریوں کو حکومتی خدمات کی کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ اس لانچ کے دوران ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی ایسی دوسری ریاست ہے جو G2C ( گورنمنٹ ٹو سٹیزن ) خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں موبائیل سرویس سے استفادہ کررہی ہے۔ پہلے مرحلہ میں یہ ایپ زائد از 150 سرویسیس پیش کرے گا جن میں سب سے زیادہ استفادہ والی می سیوا سرویسیس، آر ٹی اے سرویسیس، فیس کی ادائیگیاں اور بل کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ ان کے علاوہ دیگر معلوماتی خدمات بھی اس ایپ کے ذریعہ عوام تک پیش کی جائیں گی۔ اس پلیٹ فارم کو شہریوں کی سہولت کی خاطر تلگو اور انگریزی زبان میں شروع کیا گیا ہے۔