تلنگانہ کانگریس کی تنظیم جدید ، الیکشن ٹیم تیاری پر غور

غلام نبی آزاد یا سچن پائلٹ کو تلنگانہ کانگریس امور انچارج مقرر کرنے پر غور
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا کانگریس پارٹی کی تنظیم جدید کے بعد غلام نبی آزاد یا سچن پائلٹ کو تلنگانہ کانگریس امور کا انچارج نامزد کرنے کا قوی امکان ہے ۔ 16 دسمبر کو راہول گاندھی نے کانگریس کی صدارت قبول کرلی ہے ۔ اس کے بعد وہ اپنی ساری توجہ پارٹی کی تنظیم جدید اور 2019 کی الیکشن ٹیم تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ کے بعد کانگریس ہائی کمان نے آر سی کنٹیا کو ان کی جگہ تلنگانہ کا نیا انچارج نامزد کیا ہے ۔ ان کی کارکردگی سے تلنگانہ کے کانگریس قائدین مطمئن نہیں ہیں ۔ 2019 میں الیکشن کا سامنا کرنے کے لیے قومی سیاست پر دبدبہ رکھنے والے با اثر قائد کو ریاست کا انچارج بنانے کا کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان غلام نبی آزاد یا سچن پائلٹ میں کسی ایک کو تلنگانہ کا نیا انچارج نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ غلام نبی آزاد متحدہ آندھرا پردیش میں ریاست کے انچارج رہ چکے ہیں ۔ ان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2004 میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا تھا ۔ غلام نبی آزاد کے تلنگانہ کانگریس قائدین سے اچھے تعلقات ہیں اور پارٹی میں انہیں ٹربل شوٹر کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔ تلنگانہ کے کئی کانگریس قائدین غلام نبی آزاد سے رابطہ بنائے ہیں ۔ اگر راہول گاندھی پارٹی میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا پلان رکھتے ہیں تو سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ کو بھی تلنگانہ کا انچارج بنایا جاسکتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ساوتھ انڈیا میں تلنگانہ اور کرناٹک ایسی ریاستیں ہیں جہاں سے کانگریس ہائی کمان کو کافی امیدیں وابستہ ہیں اگر راجیہ سبھا میں کانگریس کے رول کو مزید موثر بناناچاہتے ہیں اور راجستھان میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے جی توڑ کوشش کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں غلام نبی آزاد اور سچن پائلٹ کے بجائے پارٹی کے سینئیر قائدین وئیلا روی ، رمیش چنتلا ، مکل واسنک کے ناموں پر بھی غور کیا جاسکتا ہے ۔ اے آئی سی سی کی تنظیم جدید کے لیے جہاں تک تلنگانہ کے کانگریس قائدین کا معاملہ ہے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کو پارٹی کی فیصلہ ساز باڈی سی ڈبلیو سی میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ جنرل سکریٹری کے عہدے پر 2 بی سی قائدین پنالہ لکشمیا اور وی ہنمنت راؤ کے ناموں پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ مدھوگوڑ یشکی کو سکریٹری اے آئی سی سی نامزد کیا جاچکا ہے ۔ مزید 2 سکریٹریز کے لیے سابق ارکان پارلیمنٹ محمد اظہر الدین اور وجئے شانتی کے ناموں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔۔