تلنگانہ کانگریس قائدین کی سونیا و راہول کو رپورٹ پیش

چند سینئر قائدین ‘ جئے رام رمیش ‘ ڈگ وجئے سنگھ و دوسروں کے خلاف شکایت

حیدرآباد /23 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سابق ارکان پارلیمنٹ نے آج دہلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرلے اپنی و پارٹی کی شکست پر رپورٹ پیش کی۔ منتخب ایم پی جی سکھیندر ریڈی، سابق ارکان پارلیمنٹ مدھو گوڑ یشکی، جی ویویک، پونم پربھاکر، سریش شیٹکار اور راجیا نے آج صبح راہول گاندھی سے اور شام میں سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے رپورٹ پیش کی۔ انھوں نے رپورٹ میں پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز قائدین کی جانب سے امیدواروں کی انتخابی مہم نہ چلانے، چند حلقوں میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کو ٹکٹ نہ دینے اور باغی و ناراض کارکنوں کو منانے میں مقامی قیادت پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ علاوہ ازیں ڈگ وجے سنگھ، جے رام رمیش اور ایس سی سیل کے قومی صدر کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے بموجب سونیا گاندھی نے ہمدردی کا اظہار کرکے سابق ایم پیز سے استفسار کیا کہ انھوں نے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کافی جدوجہد کی، پھر بھی وہ شکست سے دو چار ہوئے؟۔

ایم پیز نے انھیں بتایا کہ نتائج توقع کے برعکس ہیں۔ دریں اثنا راہول سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ ہم عوامی اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے، تاہم عوامی مسائل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دی، لیکن ہم یہ پیغام عوام تک پہنچانے میں ناکام رہے، شکست کے باوجود ہم یوم تاسیس تلنگانہ بڑی دھوم سے منائیں گے۔ انھوں نے ملازمین کی تقسیم کے موقع پر تنازہ نہ کھڑا کرنے سیما۔ آندھرا کے ملازمین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جس علاقہ کے ملازمین ہیں اسی علاقہ میں خدمات انجام دیں۔ اسی دوران جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ وہ کامیاب ہوئے، مگر انکے ساتھی ہار گئے، اسلئے انھیں خاص خوشی نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ پرانہیتا چیورلہ پراجکٹ کو قومی موقف دینے کے علاوہ تلنگانہ کو ٹیکس سے استثنائی کیلئے وہ مرکزپر دباؤ ڈالیں گے۔ مدھو گوڑ یشکی نے کہا کہ راہول کے سامنے ہم ناکامی کا اعتراف کرکے مستقبل میں پارٹی کے استحکام اور عوامی مسائل پر جدوجہد کا عزم ظاہر کرچکے ہیں۔