حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری پر گاندھی بھون اور پرانے شہر کے بہادر پورہ پر جشن منایا بڑے پیمانے پر آتشبازی کرتے ہوئے عوام میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی ۔ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر مسٹر محمد سراج الدین پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مسٹر لکشمن سکریٹری ، مدھو ، کانگریس کے اقلیتی قائدین میر ہادی علی ، معراج خاں ، اعجاز خاں ، کے علاوہ دوسرے قائدین اور کارکنوں بھاری تعداد میں گاندھی بھون پہونچکر جشن منایا ۔ بڑے پیمانے پر بیانڈ باجہ بجائے گئے ۔ رقص کرتے ہوئے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کئے گئے ۔ مسٹر محمد سراج الدین نے کہا کہ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بل کی منظوری کو غیر جمہوری قرار دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پر مباحث ہوئی ہے ۔ کئی جماعتوں کے قائدین نے اپنی رائے پیش کی ہے ۔ بی جے پی کی بل کو تائید حاصل ہونے کے بعد زبردستی اور یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کرنے کا کانگریس قیادت پر جو الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔
وہ معنی خیز ہے ۔ پرانے شہر کے بہادر پورہ چوراہا پر کانگریس قائدین کی جانب سے جشن منایا گیا ۔ جس میں پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری مسٹر سید یوسف ہاشمی مسٹر کنہیالعل ، مسٹر واجد علی ، مسٹر سید اقبال ، مسٹر ایس ایم علی ہاشمی ، مسٹر نیاز علی اور مسٹر ایوب علی کے علاوہ دوسرے کارکنوں نے شرکت کی ۔ مسٹر سید یوسف ہاشمی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کا دیرینہ خواب مکمل ہوا ہے ۔ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے وعدے کو نبھایا ہے ۔ تلنگانہ ریاست میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی تیز رفتار ترقی ہونے کی توقع کا اظہار کیا ۔۔