تلنگانہ ڈیولپمنٹ فورم کا 3 تا 5 جون ڈلاس میں کنونشن

سیاسی قائدین ، عوامی نمائندوں ، فنکاروں اور بیوروکریٹس کو شرکت کی دعوت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے قیام کی دوسری سالگرہ تقاریب کے سلسلہ میں ڈلاس ، امریکہ میں 3 تا 5 جون ایک کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ پہلا کنونشن ہوگا جس میں سیاسی قائدین ، عوامی نمائندے ، آرٹسٹس ، بیوروکریٹس حصہ لیں گے ۔ صحافت سے ملاقات پروگرام میں یہ بتاتے ہوئے مسٹر ویشویشور ریڈی اور مسٹر لکشمن انوگو نائب صدر نے پریس کلب کے صدر آر روی کانت ریڈی اور دوسروں کے ساتھ کہا کہ اس موقع پر منعقد ہونے والی سہ روزہ تقاریب میں کنونشنس ، سمینار ، کلچرل پروگرامس اور تلنگانہ پر نمائش شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن میں سنہرے تلنگانہ کا حصول کس طرح کیا جائے اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا خواب ہے ۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ فورم نے ڈلاس ، امریکہ میں منعقد ہونے والے اس پہلے کنونشن میں شرکت کے لیے ہندوستان سے قائدین بشمول کے ٹی راما راؤ ، بالا کرشنا اور دیگر کئی اشخاص کو مدعو کیا ہے ۔۔