ڈگ وجئے سنگھ غیر مشروط دستبرداری اختیار کریں : کے ٹی آر
حیدرآباد۔یکم مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے کانگریس پارٹی کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے تلنگانہ پولیس کے خلاف کیئے گئے ریمارک پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور غیر مشروط معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے ٹوئٹر پر تلنگانہ پولیس کے بارے میں جو کچھ کہا ہے وہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور انہیں چاہئے کہ فوری اپنے ریمارک سے دستبرداری اختیار کرلیں۔ واضح رہے کہ ڈگ وجئے سنگھ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ پولیس نے آئی ایس آئی ایس کی ایک بوگس ویب سائٹ قائم کی ہے جس کے ذریعہ مسلم نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اور اس کے لیے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے اپنے جوابی ٹوئٹ میں ڈگ وجئے سنگھ کے ریمارک کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ ایک سابق چیف منسٹر کی جانب سے اس طرح کے ریمارکس افسوسناک ہیں۔ کے ٹی آر نے خواہش کی کہ ڈگ وجئے سنگھ اپنے ریمارکس سے غیر مشروط دستبرداری اختیار کریں یا پھر اپنے الزامات کے حق میں ثبوت پیش کریں۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے اس سلسلہ میں اپنا موقف ظاہر کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر راہول گاندھی خاموش رہیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ڈگ وجئے سنگھ کے خیالات پارٹی کا موقف ہیں۔ کے ٹی آر نے مشورہ دیا کہ راہول گاندھی کو چاہئے کہ وہ ڈگ وجئے سنگھ پر قابو رکھیں۔ حالیہ عرصہ میں ڈگ وجئے سنگھ نے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے والی افواج کے خلاف بھی غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کیئے تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ پولیس دیگر ریاستوں کی پولیس کے لیے مثالی ہے۔ اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے خود اس بات کا اعتراف کیا اور تلنگانہ پولیس کی ستائش کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ کا ریمارک پولیس کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ذمہ دار عہدوں پر فائز شخصیتوں کو اس طرح کے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔