سابق مرکزی وزیر چدمبرم مہمان خصوصی، نوٹ بندی کے اثرات پر خطاب
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا 29 جنوری کو گاندھی بھون میں توسیعی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سابق مرکزی وزیرفینانس چدمبرم مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ نوٹ بندی کے خلاف کانگریس پارٹی اپنے احتجاج کو جاری رکھتے ہوئے مرکزی این ڈی اے اور ریاستی ٹی آر ایس حکومتوں کی ناکامیوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کررہی ہے۔ اس کا توسیعی اجلاس میں پارٹی کے نائب صدور، جنرل سکریٹریز کے علاوہ دوسرے عہدوں پر فائز قائدین شرکت کریں گے۔ نوٹ بندی کے اثرات، نقصانات، شرح ترقی گھٹ جانے کے علاوہ دوسرے امور پر روشنی ڈالیں گے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی نوٹ بندی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ 6 فبروری سے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردے گی۔ ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں میں احتجاج کو توسیع دی جائے گی۔ کمیٹی نے کہا کہ نوٹ بندی سے ملک میں بیروزگاری کے تناسب میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ بی جے پی 2014ء کے انتخابی منشور میں ہر سال 2 کروڑ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم گذشتہ 2 ماہ کے دوران 2 کروڑ افراد روزگار سے محروم ہوگئے ہیں۔ ملک کے معیشت پر کاری ضرب لگی ہے۔ غریب و متوسط طبقہ کے عوام آج بھی پریشان ہے۔ وزیراعظم کے غلط فیصلے سے ملک میں 100 سے زائد افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ اموات اور تباہی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی پوری طرح ذمہ دار ہیں۔ وزیراعظم اپنی غلطی کا اعتراف کریں اور ملک کے عوام سے معذرت خواہی کریں۔ کانگریس پارٹی بینکوں سے رقم نکالنے کیلئے عائد تحدیدات کی برخاستگی تک اپنے احتجاج کو جاری رکھے گی۔ عوامی مسائل پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی خاموشی ٹی آر ایس کیلئے مہنگی ثابت ہوگی۔ عوام مودی کے ساتھ کے سی آر کو بھی سبق سکھائیں گے۔ نوٹ بندی کے معاملے میں مودی اور کے سی آر کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہوا ہے جس کے بعد ہی چیف منسٹر نے اپنے سخت موقف کو اچانک نرم کردیا ہے۔