حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ جملہ 40,921 مختلف زمروں کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کی ریاستی محکمہ فینانس نے منظوری دی ہے اور ان تقررات سے متعلق اب تک کمیشن سے جملہ 121 نوٹیفیکیشن جاری کئے گئے ۔ صدرنشین کمیشن مسٹر جی چکراپانی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے کمیشن کی سال 2016-17 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے رپورٹ کے ذریعہ گورنر کو واقف کروایا کہ 128 گروپ I عہدوں کی جائیدادوں کیلئے اور 36,076 دیگر جائیدادوں جملہ 36,204 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اعلامیہ جاری کئے گئے جن کے منجملہ تاحال 12749 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور 20,360 جائیدادوں پر تقررات سے متعلق نتائج جاری کئے گئے اور تقررات کا عمل جاری ہے اور مزید 3095 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ٹسٹ منعقد کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں 1917 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کیلئے ضروری کارروائی جاری ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2343 جائیدادوں پر تقررات سے متعلق جاری کردہ اعلامیوں سے کمیشن نے دستبرداری اختیار کرلی ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے تقررات کیلئے مزید منظوریوں کے حصول کے ساتھ ہی عملی اقدامات کئے جائیں گے ۔