بے زمین غریب خاندانوں میں اراضیات تقسیم کا خیرمقدم، ٹی آر ایس ایم پی بی سمن کا بیان
حیدرآباد۔ /16اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ حلقہ پارلیمنٹ پداپلی بی سمن نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوامی بھلائی کے اقدامات کے سلسلہ میں اپنے وعدوں پر قائم ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ کی پہلی حکومت عوامی بھلائی سے متعلق وعدوں پر عمل آوری کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پہلے کابینی اجلاس میں 43اہم فیصلے کئے ہیں جو انتخابی وعدوں کی تکمیل کی سمت اہم پیشرفت ہے۔ سمن نے انتخابی وعدہ کے مطابق بے زمین دلت خاندانوں میں اراضیات کی تقسیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر چیف منسٹر نے قلعہ گولکنڈہ میں اراضی کی تقسیم کی اسکیم کا افتتاح کیا۔ سمن نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ بے زمین دلت خاندانوں کو خود مکتفی بنانے اور زراعت کے ذریعہ ان کی معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کی تقسیم سے دلت خاندانوں کی ترقی یقینی ہے کیونکہ سماج میں دلتوں کو کسی بھی حکومت نے مستحقہ مقام نہیں دیا۔ دلتوں کے نام پر کئی اسکیمات تو شروع کی جاتی ہیں لیکن ان پر موثر انداز میں عمل آوری نہیں کی جاتی جس کے سبب دلتوں کی صورتحال ابھی تک دگرگوں ہے۔ سمن نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی آر ایس حکومت نے اراضی کی تقسیم سے متعلق منفرد اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ دلتوں کیلئے کے سی آر کا یہ اقدام ملک کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ دلتوں میں اراضی کی تقسیم سے دیگر ریاستوں کے ارکان پارلیمنٹ کافی متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی ریاستوں میں اس طرح کی اسکیم کے آغاز کیلئے حکومتوں سے نمائندگی کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ مرکزی حکومت سے مانگ کریں گے کہ ملک بھر میں اس طرح کی اسکیم کا آغاز کیا جائے۔ سمن نے کہا کہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی صرف ٹی آر ایس حکومت سے ہی ممکن ہے اور چندر شیکھر راؤ کا دور حکومت ان طبقات کیلئے سنہری دور ثابت ہوگا۔