تلنگانہ و اے پی کے عازمین کیلئے سعودی ایر لائنس سے روانگی کو یقینی بنانے مرکز سے نمائندگی

ارکان راجیہ سبھا و لوک سبھا سے محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل کا بیان
حیدرآباد۔/17اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی سعودی ایر لائنس کے ذریعہ روانگی کو یقینی بنانے کیلئے مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے آج لوک سبھا و راجیہ سبھا میں اپوزیشن قائدین ملک ارجن کھرگے اور غلام نبی آزاد سے ربط قائم کیا اور دونوں ریاستوں کے عازمین کی روانگی کے مسئلہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 2002 سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین سعودی ایر لائنس کی پروازوں سے حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں لیکن جاریہ سال مرکزی حج کمیٹی نے ایر انڈیا کی پروازیں الاٹ کی ہیں جس سے عازمین حج میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ایر انڈیا کے مقابلہ سعودی ایر لائنس کی پروازیں عازمین کیلئے سہولت بخش ہیں لہذا سنٹرل حج کمیٹی کو اپنے فیصلہ میں تبدیلی لاتے ہوئے دونوں ریاستوں کیلئے سعودی ایر لائنس کی پروازوں کو بحال کرنا چاہیئے۔ محمد علی شبیر 19اور 20 اپریل کو نئی دہلی میں قیام کے دوران غلام نبی آزاد اور ملک ارجن کھرگے کے ذریعہ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ سیشن کے آغاز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔جن ریاستوں سے عازمین ایر انڈیا کی پروازوں سے حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں انہوں نے پروازوں میں تاخیر اور سہولتوں کی کمی کے بارے میں کئی شکایات کی ہیں۔ ایر انڈیا کی پروازیں اکثر کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوتی ہیں اور عازمین کو گھنٹوں ایر پورٹ پر انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ و آندھرا پردیش کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کریں۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی نے سعودی ایر لائنس کی پروازوں کی بحالی کیلئے مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے اقلیتی بہبود کے سکریٹریز کے ذریعہ مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔