تلنگانہ و اے پی کے عازمین حج کیلئے آئندہ ماہ قرعہ اندازی

20 فروری ادخال درخواست کی آخری تاریخ ، سنٹرل حج کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری(سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 18 مارچ کو ہوگی۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ تمام ریاستوں کیلئے قرعہ اندازی کی تاریخوں کو قطعیت دیدی ہے اور تلنگانہ اور آندھراپردیش میں قرعہ اندازی 18 مارچ کو ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ علحدہ قرعہ اندازی ہوگی تاہم قرعہ اندازی کا دن ایک ہی ہوگا۔ چونکہ تلنگانہ حج کمیٹی دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے خدمات انجام دے رہی ہے، لہذا حیدرآباد میں قرعہ اندازی ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ہندوستان کیلئے گزشتہ سال کے حج کوٹہ کو برقرار رکھنے کے سبب جاریہ سال تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کے امکانات کم ہیں۔ گزشتہ سال مشترکہ ریاست کیلئے 5382 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ ویٹنگ لسٹ کے ساتھ 6064 عازمین روانہ ہوئے تھے۔چونکہ دونوں ریاستیں علحدہ ہوچکی ہیں لہذا مقررہ کوٹہ میں مسلم آبادی کی بنیاد پر تقسیم عمل میں آئے گی۔ 2001 مردم شماری کے اعتبار سے تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی 52 فیصد اور آندھراپردیش میں 48 فیصد ہے۔ اس اعتبار سے 5382 کوٹہ کو دونوں ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

ریاستی حج کمیٹی نے مردم شماری 2011 ء کی بنیاد پر کوٹہ الاٹ کرنے کی سفارش کی تھی لیکن سعودی حکومت کی جانب سے ہندوستان کے کوٹہ میں اضافہ نہ کئے جانے کے سبب امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔ قرعہ اندازی کا عمل سنٹرل حج کمیٹی آن لائین انجام دے گی اور حیدرآباد میں حج کمیٹی کی جانب سے قرعہ اندازی کے آغاز کا بٹن دبایا جائے گا۔ اسی دوران جاریہ سال حج سیزن کیلئے ابھی تک تقریباً 8 ہزار درخواستیں وصول ہوچکی ہیں جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ آندھراپردیش سے 800 درخواستیں وصول ہوئیں۔ محفوظ زمرہ جات کے تحت 753 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ریاست کی تقسیم کے سبب تلنگانہ میں درخواستوں کی تعداد امکانی کوٹہ سے کافی زیادہ ہوگی اور درخواست گزاروں کی اکثریت کو انتخاب سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کیلئے 3500 تک کوٹہ الاٹ ہوگا۔ ویٹنگ لسٹ کی منظوری کے بعد 4000 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز میں حج درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ حج کمیٹی نے عازمین کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 فروری ہے جس میں توسیع کی جاسکتی ہے۔