تلنگانہ و اے پی میں نیٹ کے امتحانی مراکز میں اضافہ

حیدرآباد ۔ 25؍ فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے جاریہ سال قومی سطح پر منعقد ہونے والے ’’نیٹ‘‘ (قومی اہلیتی انٹرنس ٹسٹ) کے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال ریاست تلنگانہ میں ’’نیٹ‘‘ امتحان کے لئے صرف حیدرآباد اور ورنگل میں ہی امتحان مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ لیکن جاریہ سال ضلع رنگاریڈی اور کھمم میں بھی نیٹ امتحانی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش میں جاریہ سال ’نیٹ‘ کے جملہ 9 امتحانی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں جس میں گنٹور ‘ کاکناڈا ‘ کرنول ‘ نیلور ‘ راجمندری ‘ تروپتی ‘ وجئے واڑہ ‘ وشاکھاپٹنم اور وجیانگرم شامل ہیں ۔ گذشتہ سال ریاست تلنگانہ میں اور ریاست آندھراپردیش میں بہت ہی کم تعداد میں نیٹ امتحانی مراکز بنائے جانے اور دوردراز علاقوں میں پائے جانے کی وجہ سے نیٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو کئی ایک مشکلات سے دو چار ہونا پڑا ۔ بالخصوص دوردراز علاقوں تک پہونچنے کے لئے موثر ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم نہ ہونے کی وجہ سے کئی امیدوار مقررہ وقت پر امتحانی مرکز نہ پہنچ پانے کی وجہ سے امتحان میں شرکت کرنے سے محروم رہنے کی متعدد شکایتیں موصول ہوئی تھیں ۔لیکن اس مرتبہ گذشتہ سال کی کوتاہیوںو درپیش مشکلات کے پیش نظر جاریہ سال منعقد ہونے والے ’’نیٹ‘‘ امتحان کے لئے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا نیٹ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے ۔